سوئٹزرلینڈ میں ایران۔امریکہ تکنیکی مذاکرات مکمل۔ اہم پیش رفت کا دعویٰ
چار ورکنگ گروپس قائم، پابندیوں میں نرمی اور جوہری معاملہ زیر بحث
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں امریکہ کے ساتھ حتمی معاہدے کے لیے ہونے والے تکنیکی مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئے ہیں، اور اب بات چیت کا اگلا مرحلہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کی نگرانی میں ہوگا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق کاظم غریب آبادی، جو ایرانی تکنیکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ بھی ہیں، نے بتایا کہ اس عمل کے لیے چار ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہر گروپ کو ایک مخصوص شعبے پر کام کی ذمہ داری دی گئی ہے، جن میں پابندیوں میں نرمی، ایران کا جوہری پروگرام، ملک کی تعمیر نو اور اقتصادی ترقی، اور دونوں فریقوں کی جانب سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عملدرآمد کو یقینی بنانا شامل ہے۔
غریب آبادی کے مطابق آئندہ مذاکرات ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی نگرانی میں ہوں گے، جس میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر، ایران کے وزیر خارجہ، امریکی نائب صدر اور پاکستان اور قطر کے وزرائے اعظم بھی شامل ہوں گے۔