فرانس میں ہیٹ ویو،نہروں میں نہاتے ہوئے 40 افراد ڈوب کر ہلاک

شدید گرمی کی لہر، یورپ بھر میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بلند

June 23, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

پیرس: فرانس میں جاری ہیٹ ویو کے دوران دریاؤں اور نہروں میں نہاتے ہوئے درجنوں افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

فرانس میں ہیٹ ویو جاری ہے جس کے باعث گزشتہ جمعرات سے اب تک دریاؤں اور نہروں میں نہانے کے دوران ڈوبنے کے واقعات میں 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

فرانس کے کئی بڑے شہروں میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے اور یورپ کے مختلف ممالک میں گرمی کی لہر اپنے عروج پر ہے۔

فرانس کے وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان مارینا فراری نے فرانسیسی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ہیٹ ویو کے دوران غیر محفوظ مقامات پر تیراکی کو معمولی نہ سمجھا جائے۔

فرانس کے ساتھ ساتھ اسپین اور اٹلی بھی اس شدید گرمی کی لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہیں۔

فرانس کے محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک میں جون کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔

وزیر کھیل نے کہا کہ بہت زیادہ لوگ گرمی سے بچنے کے لیے دریاؤں اور نہروں میں نہا رہے ہیں لیکن وہ اس سے جڑے خطرات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔

دوسری جانب جرمنی میں بھی کئی افراد ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں اور وہاں بھی ہفتے کے اختتام تک درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

جرمن لائف سیونگ ایسوسی ایشن کے مطابق جمعے سے اتوار کے درمیان تیراکی کے دوران کم از کم 6 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔