وزیراعظم اپنے وزیروں کو کنٹرول کریں، بلاول بھٹو زرداری

بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ پاکستان کو نقصان پہنچا رہا ہے ، قومی اسمبلی میں خطاب و میڈیا سے گفتگو

June 24, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ  وزیراعظم اپنے وزیروں کو کنٹرول کریں ،  یہ کوئی وزیر ہے جو راولا کوٹ والوں کو کشمیری نہیں کہتا پھر شرمندہ بھی نہیں، کابینہ میں بھی موجود ہے ، یہ بیان آگ پر تیل ڈالنے کی کوشش ہے، کوئی وزیر کہتا ہے ہم مہاجرین کی 12 نشستیں جیب میں رکھتے ہیں ، یہ بھی سازشی رنگ ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول کاکہناتھاکہ مولانا فضل الرحمٰن نے ثالثی کی پیش کش کی ہے، اسے تسلیم کرلیں، تمام مسائل کا حل سیاسی ہونا چاہئے۔ان کاکہناتھاکہ ایم کیو ایم جان بوجھ کر غلط بیانی کررہے ہیں ،یہ وفاق سے حق لینے کے بجائے سندھ سے حق لینا چاہتے ہیں ،آپ کب تک وزیراعظم کی لالی پاپ پر چلیں گے ؟نکلو وفاقی کابینہ سے،  بلدیاتی ترمیم پر زور دینے کے لئے سندھ پر تنقید کرتے ہوئے مزا آتا ہے مگر پنجاب اوراسلام آباد میں تو بلدیاتی انتخابات پر کیوں نہیں بولتے۔

انہوں نے کہاکہ میرا مطالبہ ہے کہ پورے پاکستان میں انتخابات میں بلدیاتی انتخابات کرادیں، لاہور اور اسلام آباد کو طاقتور بنائیں ،اس وقت وزیراعظم کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے کچھ لوگ انہیں کمزور کررہے ہیں  ۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ پاکستان کو نقصان پہنچا رہا ہے اور اسے دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا۔

انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے آیا تھا، پکنگ کے لیے نہیں، اور اس کے ارادے سب کے سامنے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ بھارتی اور اسرائیلی سازش کا آسان ہدف بلوچستان ہے، اور کلبھوشن یادیو بھی بلوچستان میں علیحدگی پسند تنظیموں اور دہشتگردوں کی حمایت کے لیے آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کا مشکل میں پاؤں اور آسانی میں گلے پکڑنے سے متعلق بات انہوں نے نہیں بلکہ پیر پگاڑا نے کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں حالات بگڑ چکے ہیں اور وہ یہ دن کشمیر میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق حکومت اور ریاست کی پالیسی واضح ہے جبکہ عوام اور احتجاج کرنے والے گروپس کے مسائل بھی سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ چاہتی ہے کہ تمام مسائل سیاسی طریقے سے حل ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی انتخابات ملتوی کرنے کی بات نہیں کی، نہ ہی کشمیر میں پہلے الیکشن ملتوی کروانے کی خواہش تھی اور نہ آج ہے۔