دبئی جانے والے مسافروں کیلئے مفت فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کی سہولت

اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو 22 جون سے 12 جولائی کے درمیان واپسی کے ٹکٹ بک کروانا ہوں گے

June 25, 2026 · بام دنیا

امارات ائیر لائن نے موسم گرما کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خصوصی پروموشنل آفر متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت دبئی کا سفر کرنے والے یا شہر میں 24 گھنٹے سے زیادہ قیام کرنے والے مسافروں کو مفت فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش فراہم کی جائے گی۔

اعلان کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو 22 جون سے 12 جولائی کے درمیان واپسی کے ٹکٹ بک کروانا ہوں گے، جبکہ سفر کی مدت 25 جون سے 30 ستمبر کے درمیان ہونی چاہیے۔

اس خصوصی آفر کے تحت فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کو دبئی کے ایک ممتاز فائیو اسٹار ہوٹل میں دو راتوں کا مفت قیام دیا جائے گا۔ دوسری جانب پریمیئم اکانومی اور اکانومی کلاس کے مسافر ایک رات مفت رہائش کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

امارات ائیر لائن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دبئی میں سیاحت کو فروغ دینا اور آنے والے مسافروں کو شہر کے مختلف تفریحی اور ثقافتی مقامات سے لطف اندوز ہونے کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔

مزید برآں، مسافروں کو ایک خصوصی رعایتی پروگرام کے تحت 600 سے زائد ریسٹورنٹس، شاپنگ مراکز، تفریحی مقامات اور اسپا سہولیات پر خصوصی ڈسکاؤنٹس بھی دستیاب ہوں گے، جس سے ان کے سفری تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔