تجارتی جنگوں میں کسی کی جیت نہیں ہوتی، چینی وزیراعظم

فورم میں 30 سے زائد ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 150 کاروباری اور صنعتی نمائندوں نے شرکت کی۔

June 25, 2026 · بام دنیا

 چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ تجارتی اور ٹیرف جنگیں کسی بھی فریق کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوتیں، جبکہ عالمی معیشت کے استحکام کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ ترقی ناگزیر ہے۔

دالیان میں منعقدہ سمر ڈیووس فورم 2026 کے موقع پر بین الاقوامی کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے لی چیانگ نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک اب زیادہ بہتر انداز میں یہ سمجھنے لگے ہیں کہ تجارتی تنازعات کے بجائے تعاون پر مبنی معاشی روابط ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین عالمی منڈی کو معیاری مصنوعات فراہم کر رہا ہے جو مختلف ممالک کی اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین دانستہ طور پر تجارتی سرپلس حاصل کرنے کی پالیسی پر عمل نہیں کرتا بلکہ عالمی تجارت میں توازن اور مشترکہ فوائد کا خواہاں ہے۔

چینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین اپنی وسیع مقامی منڈی کو دنیا کے لیے مزید کھولنے اور مختلف ممالک سے معیاری مصنوعات کی درآمدات بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ عالمی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

لی چیانگ کے مطابق چین کی صنعتی معاونت اور سبسڈی سے متعلق پالیسیاں بین الاقوامی تجارتی قواعد کے مطابق ہیں اور ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چینی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں اور عالمی کمپنیوں کے لیے مزید سازگار، شفاف اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

فورم میں 30 سے زائد ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 150 کاروباری اور صنعتی نمائندوں نے شرکت کی۔