دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے۔ ایرانی صدر
قومی اتحاد نے ایران کی علاقائی حیثیت مضبوط بنائی۔ مسعود پزشکیان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر دیے، جبکہ قومی اتحاد نے ایران کی علاقائی حیثیت کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ اتحاد اور یکجہتی ہی وہ طاقت ہے جس کی بدولت ایران بیرونی دباؤ اور چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو خطے میں ایک بااثر اور مؤثر قوت کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ مخالفین کو یقین تھا کہ فوجی اور سیاسی دباؤ کے ذریعے وہ چند ہی دنوں میں اپنے مقاصد حاصل کر لیں گے، تاہم ایرانی افواج کی مزاحمت نے ان کی تمام توقعات ناکام بنا دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا میں اتحاد کا جذبہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہا ہے اور پاکستان، عراق، لبنان سمیت متعدد ممالک کے عوام ایرانی قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔