اسرائیل سے معاہدے کے خلاف لبنانی عوام سڑکوں پر نکل آئی
بیروت سمیت کئی شہروں میں ٹائر نذرِ آتش،مظاہرین نے حزب اللہ اور ایران کےپرچم بھی لہرائے۔
اسرائیل کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے خلاف لبنان میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جہاں دارالحکومت بیروت سمیت متعدد شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔
مظاہرین نے مختلف شاہراہوں پر ٹائر نذرِ آتش کیے، جس کے باعث کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ احتجاج کے دوران بعض شرکا حزب اللہ اور ایران کے پرچم لہراتے رہے جبکہ معاہدے کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا معاہدہ لبنان کے قومی مفادات اور خودمختاری کے خلاف ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے معاہدے پر نظرثانی کی جائے۔
دوسری جانب حکام نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں تاکہ احتجاج کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔