اقوام متحدہ کا آبنائے ہرمز مستقل طور پر کھلا رکھنے کا مطالبہ

تمام فریق معاہدوں کی پاسداری کریں، علاقائی و عالمی استحکام کو ترجیح دی جائے۔ ترجمان

June 27, 2026 · بام دنیا

اقوام متحدہ نے آبنائے ہرمز کو مستقل طور پر کھلا رکھنے پر زور دیتے ہوئے تمام فریقوں سے معاہدوں پر عمل درآمد اور کشیدگی میں کمی کی اپیل کی ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ امید کرتا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت مسلسل اور بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ تمام فریق اپنے کیے گئے معاہدوں اور وعدوں کی پاسداری کریں اور ہر فیصلے میں وسیع تر مفاد کو سامنے رکھیں۔

اسٹیفن دوجارک نے مزید کہا کہ علاقائی اور عالمی استحکام کے ساتھ ساتھ سمندری جہازوں پر کام کرنے والے افراد کی فلاح و بہبود کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق ہزاروں مرد و خواتین مختلف جہازوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ دنیا بھر کے لوگ روزمرہ استعمال کی اشیا کی فراہمی کے لیے انہی بحری راستوں اور عملے پر انحصار کرتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کا خاتمہ نہ صرف خطے کے امن بلکہ عالمی تجارت، سپلائی چین اور بین الاقوامی بحری نقل و حمل کے تسلسل کے لیے بھی ناگزیر ہے۔