ٹرمپ کا ایران پر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر ڈرون حملے کا الزام
ایران کی جانب سےجہاز پر حملہ اچھا نہیں لگا۔ امریکی صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک تجارتی مال بردار جہاز کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایران کی جانب سےجہاز پر حملہ اچھا نہیں لگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایرانی کارروائی کا جواب دینے کا اشارہ دیدیا تھا۔
صدرٹرمپ نے کہا کہ انہیں اچھا نہیں لگا کہ ایران نے کل چار بار جہاز پر حملہ کیا جس میں سے تین کو ناکام بنادیا گیا تھا،کیا اس پر ردعمل دیا جائےگا،یہ آپ جان لیں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران نے مجموعی طور پر چار خودکش ڈرون داغے، جن میں سے ایک بڑے اور قیمتی مال بردار جہاز کے بالائی حصے سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا۔ تاہم ان کے مطابق جہاز اپنی منزل کی جانب سفر جاری رکھنے میں کامیاب رہا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ باقی تین ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا گیا۔ انہوں نے اس واقعے کو جنگ بندی معاہدے کی “احمقانہ خلاف ورزی” قرار دیتے ہوئے ایران پر کشیدگی بڑھانے کا الزام بھی عائد کیا۔