ایران۔ امریکہ کے ایک دوسرے پر حملوں کے الزامات۔ جنگ بندی خطرے میں پڑ گئی

ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں خلیج میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کادعویٰ کیا

June 27, 2026 · بام دنیا

ایران اور امریکہ نے خلیج میں ایک دوسرے پر حملوں کے الزامات عائد کیے ہیں، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان قائم نازک جنگ بندی کے متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا کہ اس نے خلیج میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایران کے میزائل، ڈرون اور ریڈار تنصیبات پر امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، جبکہ امریکا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل آبنائے ہرمز میں ایک مال بردار جہاز پر ایرانی ڈرون حملہ ہوا تھا، جس کے ردعمل میں امریکی کارروائی کی گئی۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ گاہوں اور ساحلی ریڈار تنصیبات پر کیے گئے حالیہ حملے، ایرانی فورسز کی جانب سے تجارتی جہاز رانی کے خلاف “بلاجواز جارحیت” کا جواب تھے، جو امریکی مؤقف کے مطابق جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی تھی۔