امریکہ نےتباہ کن زلزلہ کے بعد وینزویلاپر عائد پابندیاں اٹھا لیں

وینزویلا میں زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی سے متعلق لین دین کو 23 اکتوبر تک اجازت دی گئی ہے۔

June 27, 2026 · بام دنیا

 وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں کے بعد امریکہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بعض اقتصادی پابندیوں میں عارضی نرمی کا اعلان کر دیا ہے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری خصوصی لائسنس کے مطابق وینزویلا میں زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی سے متعلق لین دین کو 23 اکتوبر تک اجازت دی گئی ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) کے مطابق چلی، کولمبیا، ایل سلواڈور، اٹلی، میکسیکو، سوئٹزرلینڈ اور امریکہ سمیت مختلف ممالک کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ نے 2019 کے بعد وینزویلا پر متعدد سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی تھیں، تاہم حالیہ قدرتی آفت کے پیش نظر امدادی کاموں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ان میں محدود مدت کے لیے نرمی کی گئی ہے۔

بدھ کے روز وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر بالترتیب 7.5 اور 7.2 ریکارڈ کی گئی۔ تازہ اطلاعات کے مطابق زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 920 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ زخمیوں اور متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔