امریکی حملے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں۔ ایران کی شدید مذمت

قومی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر اقدام کریں گے، ایران کا اعلان

June 28, 2026 · بام دنیا

ایران کی وزارت خارجہ نے ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں پر ہونے والے حالیہ امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں “بہیمانہ حملے” اور جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی کارروائیاں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت طے شدہ جنگ بندی کی صریح خلاف ورزی ہیں اور یہ ظاہر کرتی ہیں کہ امریکا اپنے وعدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی کوئی اہمیت نہیں دیتا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ “وعدہ خلافی اس حکومت کی فطرت کا حصہ ہے”، جبکہ ایران اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی کارروائیوں کو “فوجی جارحیت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران اپنی سرزمین اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔