مبینہ ایرانی حملوں پر بحرین کا اقوام متحدہ سے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ

ایران کی جانب سے عالمی برادری کے مطالبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے،

June 28, 2026 · بام دنیا

منامہ: بحرین نے مبینہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بحرینی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ حملے ملک کی خودمختاری، علاقائی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے خلاف مسلسل کارروائیوں کا حصہ ہیں اور یہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں بلکہ ایک تسلسل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے قرارداد 2817 پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے اور مبینہ جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

بحرین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایران کی جانب سے عالمی برادری کے مطالبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ایک واضح اور مضبوط بین الاقوامی ردعمل ضروری ہو چکا ہے۔

بحرینی حکومت نے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کی حامی ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات ایک بار پھر تناؤ کا شکار ہیں، جبکہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔