وینزویلا زلزلہ:ہلاکتیں 1430 تک پہنچ گئیں،50 ہزار لاپتا
زلزلے کو 72 گھنٹے سے زائد گزر چکے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کراکس: وینزویلا میں تباہ کن زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1430 تک پہنچ گئی ہے جبکہ تقریباً 50 ہزار افراد لاپتا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق زلزلے کو 72 گھنٹے سے زائد گزر چکے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریاست لا گوئیرا کو فوجی کنٹرول میں دے دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں عارضی فیلڈ اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 3 ہزار 238 افراد کے زخمی ہونے اور 3 ہزار 142 افراد کے بے گھر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کے زندہ بچنے کے امکانات اب انتہائی کم رہ گئے ہیں، تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب مختلف ممالک کی جانب سے وینزویلا کے لیے امدادی سامان اور ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں جن میں امریکا، کولمبیا، چلی، میکسیکو، اسپین، فرانس اور چین سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔