اسرائیلی کارروائیاں خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ شام
اسرائیلی حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں، شام کا مؤقف
June 29, 2026 · بام دنیا
شام کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی شام کے صوبوں قنیطرہ اور درعا میں مبینہ دراندازی اور توپ خانے سے گولہ باری کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
شامی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں کے باعث متاثرہ علاقوں کے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ ان حملوں سے امن و امان کی صورتحال بھی متاثر ہوئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلسل اسرائیلی حملے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں اور پورے خطے میں کشیدگی و تناؤ مزید بڑھنے کا خطرہ پیدا کر رہے ہیں۔