روزانہ فروٹ جوس اور میٹھے مشروبات بچوں میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں
جو بچے روزانہ دو یا اس سے زیادہ میٹھے مشروبات پیتے رہے، ان میں جوانی میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 52 فیصد تک زیادہ پایا گیا۔
امریکی طبی ماہرین کی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بچپن میں فروٹ جوس، سافٹ ڈرنکس اور دیگر میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال مستقبل میں ہائی بلڈ پریشر کے خطرے میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔
تحقیق کے دوران 25 ہزار سے زائد بچوں کی تقریباً 25 برس تک صحت کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق جو بچے روزانہ دو یا اس سے زیادہ میٹھے مشروبات پیتے رہے، ان میں جوانی میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 52 فیصد تک زیادہ پایا گیا۔
مطالعے میں یہ بھی سامنے آیا کہ روزانہ تقریباً ڈیڑھ گلاس فروٹ جوس پینے والے بچوں میں بھی ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 35 فیصد زیادہ دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق پیک شدہ فروٹ جوس میں شکر کی زیادہ مقدار اور فائبر کی کمی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بچوں کو میٹھے مشروبات کے بجائے پانی، دودھ اور تازہ پھل استعمال کرنے کی عادت ڈالیں تاکہ مستقبل میں ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔