کشتواڑ میں بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم
متعدد فوجی اہلکار ضلع کشتواڑ کے اتھولی پولیس اسٹیشن میں داخل ہوئے، جہاں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ اور تشدد کا واقعہ پیش آیا۔
کشتواڑ: بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج اور پولیس کے درمیان ایک سنگین تصادم کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد فوجی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 راشٹریہ رائفلز سے تعلق رکھنے والے متعدد فوجی اہلکار ضلع کشتواڑ کے اتھولی پولیس اسٹیشن میں داخل ہوئے، جہاں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ اور تشدد کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ واقعے میں ایک میجر اور کمانڈنگ آفیسر سمیت کئی فوجی اہلکار نامزد کیے گئے ہیں۔ مقدمے میں اقدامِ قتل، حملے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق حملہ پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا اور اس دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں سکیورٹی اداروں کے درمیان اس نوعیت کے تنازعات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں، تاہم حالیہ واقعے نے ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعلقات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
واقعے کے بعد حکام کی جانب سے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری سطح پر اس معاملے پر تاحال کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔