دبئی میں شدید گرمی نے تباہی مچا دی،گاڑیاں جلنے لگیں

اگر گاڑی سے دھواں اٹھتا دکھائی دے یا جلنے کی بو محسوس ہو تو فوری طور پر گاڑی کو محفوظ مقام پر روک کر انجن بند کر دیں

June 29, 2026 · بام دنیا

 دبئی:شدید گرمی صرف انسانوں ہی نہیں بلکہ گاڑیوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہونے لگی ہے۔ دبئی میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گاڑیوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس پر دبئی پولیس نے شہریوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں

دنیا کے مختلف حصوں کی طرح خلیجی ممالک بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جس کے پیشِ نظر دبئی پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں کو گاڑیوں میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران معمولی غفلت بھی گاڑی میں آگ لگنے کا سبب بن سکتی ہے۔ حکام کے مطابق ناقص برقی وائرنگ، ایندھن یا تیل کا رساؤ، بروقت سروس نہ کرانا، خراب بیٹری، انجن کا زیادہ گرم ہونا اور گاڑی کے اندر آتش گیر اشیا چھوڑ دینا ایسے اہم عوامل ہیں جو آگ بھڑکنے کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔

پولیس نے خبردار کیا ہے کہ لائٹر، پاور بینک، ایروسول اسپرے، گیس سلنڈر اور دیگر دباؤ والے کنٹینرز کو بند گاڑی میں ہرگز نہ چھوڑا جائے، کیونکہ شدید گرمی میں یہ اشیا دھماکے یا آگ لگنے کا باعث بن سکتی ہیں۔

حکام نے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گاڑی کی باقاعدگی سے سروس کروائیں، برقی نظام، انجن آئل، کولنٹ اور بیٹری کی حالت کا وقتاً فوقتاً معائنہ کریں اور گاڑی میں معیاری فائر ایکسٹنگوشر ضرور رکھیں، ساتھ ہی اس کی معیاد بھی چیک کرتے رہیں۔

دبئی پولیس کے مطابق اگر گاڑی سے دھواں اٹھتا دکھائی دے یا جلنے کی بو محسوس ہو تو فوری طور پر گاڑی کو محفوظ مقام پر روک کر انجن بند کر دیں اور متعلقہ ہنگامی اداروں سے رابطہ کریں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں معمولی احتیاط نہ صرف گاڑی اور دیگر قیمتی املاک کو نقصان سے بچا سکتی ہے بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسی لیے سفر سے قبل گاڑی کی مکمل فنی جانچ کو معمول بنایا جانا چاہیے۔