جرمنی میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک، ایک مشتبہ ملزم سمیت 2 گرفتار
فائرنگ کے اس افسوسناک واقعے کا محرک ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ، پولیس حکام
فائل فوٹو
سٹاڈے : شمالی جرمنی کے شہر سٹاڈے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ ملزم سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس ترجمان نے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ فائرنگ کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دو افراد کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک مرکزی مشتبہ ملزم ہے۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس نے سوشل میڈیا پر شہریوں کے لیے ہنگامی ہدایات جاری کی ہیں، جس میں عوام کو متاثرہ علاقے کی طرف جانے اور وہاں داخل ہونے سے سخت گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس افسوسناک واقعے کا محرک ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سٹاڈے جرمن شہر ہیمبرگ کے مغرب میں واقع ایک پرامن اور چھوٹا شہر ہے جس کی آبادی تقریباً 50 ہزار کے قریب ہے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔