لبنانی فوج کے کمانڈر اور صدر کی سینٹکام کے کمانڈر سے ملاقات
یہ ملاقات لبنان اور اسرائیل کے درمیان فریم ورک معاہدے کے نفاذ کے لیے تیاریوں پر مرکوز تھی۔
بیروت: لبنان کی فوج کے کمانڈر نے خطے میں امریکی فوج (سینٹکام) کے کمانڈر سے ملاقات کی ہے۔
لبنان کی فوج کے بیان کے مطابق لبنان اور خطے کی تازہ ترین پیش رفت روڈولف ہیکل اور ایڈمرل بریڈ کوپر کے درمیان گفتگو کا محور تھی۔
اس بیان میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان ’فریم ورک معاہدے کے کامیاب نفاذ کی اہمیت‘ پر زور دیا گیا۔
جمعے کے روز لبنان اور اسرائیل نے امریکی ثالثی میں ایک سہ فریقی معاہدے کے ’فریم ورک‘ پر دستخط کیے، جس کا مقصد جنگ کا خاتمہ ہے۔
لبنان کے صدر جوزف عون نے بھی لبنان کی حکومت کے سرکاری اکاؤنٹ پر اطلاع دی کہ انھوں نے پیر کے روز صدارتی محل میں ایڈمرل بریڈ کوپر امریکہ کے ناظم الامور کیتھ ہینیگن اور جنگ بندی کے طریقہ کار کی ٹیم کے سربراہ جنرل جوزف کلیرفیلڈ سے ملاقات کی ہے۔
صدر عون کے دفتر کے بیان کے مطابق یہ ملاقات لبنان اور اسرائیل کے درمیان فریم ورک معاہدے کے نفاذ کے لیے تیاریوں پر مرکوز تھی۔
صدر نے اس ملاقات میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا لبنان کو سلامتی اور استحکام کے حصول میں مدد دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ لبنان کی حکومت ملک کی مسلح افواج کے ذریعے اپنی عملداری کو جنوبی سرحد تک بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
اسی دوران، لبنان کی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بری، جو حزب اللہ کے اتحادی اور ایران کے قریب سمجھے جاتے ہیں، نے اس معاہدے کی مذمت کی ہے۔
حزب اللہ لبنان کا کہنا ہے کہ لبنان کی حکومت کے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات اور یہ معاہدہ ملک کے آئین کے خلاف ہے۔