افغان طالبان کا بلوچستان۔خیبر پختونخوا میں داعش کے مبینہ ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا دعویٰ

بلوچستان کے سرانان علاقے میں ایک مشترکہ مرکز پر فضائی حملہ کیا گیا

July 1, 2026 · بام دنیا

افغانستان میں طالبان کی وزارتِ دفاع کے نائب ترجمان صدیق اللہ نصرت نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فضائیہ نے بلوچستان کے ضلع پشین کے سرانان علاقے اور خیبر پختونخوا کے مختلف مقامات پر ’داعش‘ کے مبینہ مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔

انھوں نے ایکس پر دعویٰ کیا کہ بلوچستان کے سرانان علاقے میں ایک مشترکہ مرکز پر فضائی حملہ کیا گیا، جس کے بارے میں انھوں نے الزام عائد کیا کہ اسے افغانستان میں تخریبی سرگرمیوں اور حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

وزارت نے مزید دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کے قمبرخیل علاقے میں داعش کے ایک مبینہ مرکز، جبکہ چترال کی شاہ سلیم وادی کے گرم چشمہ علاقے میں داعش اور دیگر مسلح عناصر کے ایک اور مشترکہ مبینہ مرکز کو بھی فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ ان مراکز سے افغانستان میں تخریبی کارروائیوں اور شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔

افغان طالبان کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا کہ کارروائیوں میں داعش کے جنگجوؤں، ان کے حامیوں اور دیگر مسلح عناصر کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا، جبکہ حملے انتہائی درستگی سے کیے گئے اور ان میں کوئی شہری جانی نقصان نہیں ہوا۔