شرائط پوری ہونے تک مزید مذاکرات نہیں کریں گے۔ایران کا دوٹوک اعلان

آبنائے ہرمز پر اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، باقر قالیباف

July 1, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جاری موجودہ ملاقاتوں کا مقصد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے اور جب تک طے شدہ شرائط پوری نہیں ہوتیں، تہران مزید مذاکرات میں شریک نہیں ہوگا۔

ایرانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں باقر قالیباف نے بتایا کہ لبنان، ایران اور امریکہ نے لبنان میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحری ناکہ بندی ختم ہونے کے بعد ایران 4 کروڑ سے زائد بیرل تیل برآمد کر چکا ہے اور اب ایرانی تیل پہلے کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق آبنائے ہرمز سے بغیر کسی فیس کے گزرنے کی سہولت صرف 60 روز کے لیے ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز پر خودمختاری ایران اور عمان کی ہے، لہٰذا اس آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت انہی ضوابط کے تحت ہوگی جو ایران مقرر کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران خلیجی ساحلی ممالک کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا ایران کو تیل فروخت کرنے سے روکنے کی کوشش کرتا ہے تو پھر خطے میں کوئی بھی ملک تیل کی تجارت سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔