امریکہ اور اس کے خلیجی اتحادیوں نے حزب اللہ سے منسلک مالیاتی ڈھانچے کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 16 افراد اور 5 اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
ٹیررسٹ فنانسنگ ٹارگٹنگ سینٹر جو امریکہ اور خلیجی ممالک کا مشترکہ ادارہ ہے، نے حزب اللہ کے مالیاتی نیٹ ورک کو نشانہ بناتے ہوئے ان پابندیوں کا اعلان کیا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں القرض الحسن، بیت المال اور ان کے اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں۔
القرض الحسن ایک نیم بینکاری ادارہ ہے جو عوام کو بلاسود قرضے فراہم کرتا ہے۔ یہ حزب اللہ کے زیر انتظام فلاحی اداروں میں شامل ہے، جن میں اسکول، اسپتال اور کم قیمت پر اشیائے خورونوش فراہم کرنے والے اسٹورز بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ٹیررسٹ فنانسنگ ٹارگٹنگ سینٹر مئی 2017 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ حکومت میں قائم کیا گیا تھا۔ اس میں امریکا کے علاوہ بحرین، کویت، عمان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر شامل ہیں۔