دوحہ میں قطری وزیراعظم کی امریکی وفد سے ملاقات۔ایران۔امریکہ مذاکرات پر گفتگو

تکنیکی سطح پر ایران اور امریکہ کے رابطے برقرار، اعلیٰ سطحی ملاقات نہیں ہوئی

July 1, 2026 · بام دنیا

امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے قطر کے وزیراعظم سے ملاقات میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے قطر کی ثالثی کی کوششوں کا اعادہ کیا اور مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت جاری سفارتی عمل کی حمایت کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق فریقین نے لبنان میں جنگ بندی کی پیش رفت اور مشرقِ وسطیٰ کی تازہ سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے تکنیکی وفود کے درمیان مختلف سطحوں پر رابطے اور مذاکرات جاری ہیں، جن میں ثالث مختلف مقامات پر سہولت کاری کا کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ مذاکراتی عمل بلا تعطل جاری رہ سکے، خواہ بات چیت دوحہ میں ہو یا کسی اور مقام پر۔

وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ فی الحال ایران اور امریکا کے درمیان کسی اعلیٰ سطح کی براہِ راست ملاقات نہیں ہو رہی، تاہم تکنیکی اور ثالثی سطح پر رابطوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔