ایران اور قطر کے درمیان 5 ماہ بعد سمندری تجارت بحال

دوحہ میں مذاکرات کامیاب، دونوں ممالک کی بندرگاہوں کے درمیان جہازوں کی آمدورفت دوبارہ شروع

July 6, 2026 · بام دنیا

ایران اور قطر کے درمیان بحری تجارت پانچ ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق دوحہ میں ایرانی اور قطری حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد دونوں ممالک نے بحری روابط بحال کرنے پر اتفاق کیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی دیر بندرگاہ اور قطر کی الرویس بندرگاہ کے درمیان تجارتی جہازوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو گئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سمندری تجارت کو نئی رفتار ملنے کی توقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق قطر نے ہر قسم کے بحری جہازوں اور کشتیوں کو دوبارہ سمندری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے، جبکہ قطری وزارتِ ٹرانسپورٹ نے تمام آپریٹرز کو نافذالعمل بحری قوانین اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

یاد رہے کہ 29 جون کو احتیاطی اقدامات کے تحت بادبانی اور ماہی گیری کی کشتیوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی، تاہم تجارتی بحری جہاز اس پابندی سے مستثنیٰ رہے تھے۔ یہ فیصلہ خطے میں فوجی کشیدگی اور ایک قطری شہری کی ہلاکت کے واقعے کے بعد کیا گیا تھا۔