ممبئی میں موسلا دھار بارشوں سے تباہی۔ ہلاکتیں 8 ہوگئیں۔ریڈ الرٹ جاری
ممبئی میں چار روز کی ریکارڈ بارش، پروازیں متاثر، ٹرین کی ویڈیو وائرل
بھارت کے شہر ممبئی میں مسلسل ہونے والی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ گزشتہ چار روز کے دوران 588 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مختلف بارش سے متعلق حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 8 تک پہنچ گئی ہے۔
شدید بارش کے باعث شہر کے متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، کئی مقامات پر درخت جڑوں سمیت اکھڑ کر گاڑیوں پر جا گرے، جس سے ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔
خراب موسمی صورتحال کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ درجنوں پروازوں کا رخ متبادل ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ممبئی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب بارش کے پانی میں ڈوبے ریلوے ٹریک سے تیز رفتار ٹرین کے گزرنے پر کئی میٹر بلند پانی کی لہر اٹھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔