امریکہ ہی نہیں، بھارت بھی اسرائیل کا مضبوط اتحادی ہے،نیتن یاہو

جے ڈی وینس کا احترام کرتے ہیں اور ان کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے ہیں، تاہم ہر معاملے پر اتفاق ضروری نہیں

July 6, 2026 · بام دنیا

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کا واحد طاقتور اتحادی صرف امریکہ نہیں بلکہ دیگر ممالک بھی اسرائیل کے قریبی شراکت دار ہیں، جن میں بھارت بھی شامل ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان پر ردعمل دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ اسرائیل کا سب سے اہم اور طاقتور اتحادی ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ وہ جے ڈی وینس کا احترام کرتے ہیں اور ان کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے ہیں، تاہم ہر معاملے پر اتفاق ضروری نہیں۔ ان کے بقول امریکہ اسرائیل کا قریبی دوست ہے، خاص طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں تعلقات مزید مضبوط رہے، لیکن اسرائیل کے دیگر اہم دوست بھی موجود ہیں۔

انہوں نے بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا اور اہم ملک ہے جس کی آبادی تقریباً 1.4 ارب ہے، اور وہاں اسرائیل کے لیے نمایاں عوامی حمایت پائی جاتی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی پیش رفت کے بعد اسرائیلی حکومت کے بعض ارکان نے امریکی انتظامیہ پر تنقید کی تھی۔ اس تنقید کے جواب میں جے ڈی وینس نے کہا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران اسرائیل کے دفاع میں استعمال ہونے والے زیادہ تر اہم ہتھیار امریکہ نے فراہم کیے اور ان کی تیاری و مالی معاونت بھی امریکی وسائل سے ہوئی۔