روس کا کیف پر ڈرون، میزائل حملہ۔ 10 افراد ہلاک۔ درجنوں زخمی

حملوں میں راہئشی عمارت کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔مزید ہلاکتوں کا خدشہ

July 6, 2026 · بام دنیا

روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ایک بار پھر ڈرونز اور میزائلوں سے شدید حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 46 سے زائد زخمی ہو گئے۔

یوکرینی حکام کے مطابق حملوں میں متعدد رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت بھی شامل ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کیف کے میئر نے بتایا کہ حملے سے متاثرہ عمارت کی ساتویں سے نویں منزل تک کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائی کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی روس نے یوکرین کے مختلف شہروں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے تھے، جن میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 34 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ ان حملوں میں بھی رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی خسارہ ہوا۔