امجد حسین ایڈووکیٹ نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر امیر مقام اور دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔
گلگت: نو منتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں سیاسی و حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے امجد حسین ایڈووکیٹ سے وزارتِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر امیر مقام اور دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔
حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ عوام نے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، جس پر وہ عوام اور پارٹی قیادت کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین نے انتخابی عمل میں اہم کردار ادا کیا اور عوام کی جانب سے ملنے والا مینڈیٹ ان کے لیے ایک بڑی ذمہ داری ہے، جسے پوری دیانت داری سے نبھانے کی کوشش کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کے عمل میں تعاون قابلِ قدر ہے۔
امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن، سیاحت اور خوشگوار موسم کے حوالے سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ حکومت سیاحت، بنیادی ڈھانچے، زمینی اور فضائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائے گی تاکہ خطے کی ترقی کو نئی رفتار مل سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور گلگت بلتستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی مثال بنایا جائے گا۔