کیفے میں نماز ادا کرنے کی عاطف اسلم کی ویڈیو وائرل
عاطف اسلم اپنی منفرد گائیکی کے ساتھ ساتھ روحانی کلام اور مذہبی مناسبت رکھنے والے نغموں کی وجہ سے بھی مداحوں میں مقبول ہیں
لاہور: معروف گلوکار عاطف اسلم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں ایک کیفے کے اندر نماز ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کے مطابق عاطف اسلم اپنے دوستوں کے ہمراہ کیفے میں موجود تھے۔ اسی دوران نماز کا وقت ہونے پر انہوں نے گفتگو روک کر ایک پرسکون مقام کا انتخاب کیا اور نماز ادا کی۔
کیفے میں موجود ایک شخص نے اس لمحے کو اپنے کیمرے میں محفوظ کر لیا، جس کے بعد ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے عاطف اسلم کے اس عمل کو سراہا۔ متعدد صارفین نے ان کے طرزِ عمل کو قابلِ احترام قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ کئی مداحوں نے دعائیہ کلمات اور مثبت تبصرے بھی کیے۔
عاطف اسلم اپنی منفرد گائیکی کے ساتھ ساتھ روحانی کلام اور مذہبی مناسبت رکھنے والے نغموں کی وجہ سے بھی مداحوں میں مقبول ہیں، جس کے باعث ان کی اس ویڈیو کو بھی خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔