سری لنکا کی جیل میں ہنگامے۔ 26 افراد ہلاک۔100 سے زائد زخمی
دو روز تک جاری رہنے والا تشدد قیدیوں کےدو گروہوں کے درمیان جھڑپوں سے شروع ہوا۔
مغربی سری لنکا کی ایک جیل میں ہونے والے ہنگاموں میں 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں سات محافظ شامل ہیں، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کولمبو کے شمال میں واقع ساحلی قصبے کی نیگومبو جیل میں دو روز تک جاری رہنے والا تشدد قیدیوں کے دو گروہوں کے درمیان جھڑپوں سے شروع ہوا۔
قیدیوں پر الزام ہے کہ انھوں نے اتوار کے روز محافظوں کی بندوقیں چھین لی تھیں۔ اس دن دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ بعد ازاں مرد قیدی اور ملحقہ یونٹ میں موجود خواتین جیل کی چھتوں پر چڑھ گئے اور اپنی رہائی کا مطالبہ کرنے لگے۔
پیر کے روز تشدد کے مزید واقعات پیش آئے جب قیدیوں نے جیل کے دروازوں کی جانب دھاوا بولنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز تعینات کی گئیں اور جیل کے اندر سے متعدد گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ تشدد اس وقت شروع ہوا جب ایک قیدی نے جیل کے اندر منشیات کی سمگلنگ کے خلاف ایک آپریشن کی مخبری کی اور اس پر جھڑپ ہو گئی۔
حکام کے مطابق مجموعی طور پر 23 جیل افسران اور 54 قیدی اب بھی زیرِ علاج ہیں۔