امریکی حکام نے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملے کا الزام ایران پر عائد کر دیا

آبنائے ہرمز میں دو تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، امریکی حکام کا ایران پر الزام

July 7, 2026 · بام دنیا

امریکی حکام نے عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کم از کم دو میزائل داغے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان کے قریب ایک آئل ٹینکر نامعلوم میزائل یا پروجیکٹائل کی زد میں آنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی۔ امریکی حکام نے امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس حملے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔

حکام کے مطابق ایک دوسرے تجارتی جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا، دونوں جہازوں کو شدید نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملوں کے بعد ایک دوسرے پر جوابی حملے کیے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ان کشیدگیوں کا آغاز امریکہ کی حمایت سے عمانی پانیوں میں ایک نئے بحری راہداری منصوبے کے اعلان کے بعد ہوا، جس کی ایران نے مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ 17 جون کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزی ہے۔

تہران کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کے انتظام کی مکمل ذمہ داری صرف ایران کے پاس ہے۔