ایران نے آبنائے ہرمز کی عمانی حدود میں ایک اور بحری ٹینکر کو نشانہ بنا ڈالا

عمان کے قریب ٹینکر کو میزائل نشانہ بنانے کا دعویٰ، جہاز کو شدید نقصان

July 7, 2026 · بام دنیا

برطانیہ کی فوج کے مطابق عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز میں سفر کرنے والے ایک آئل ٹینکر کو ایک پروجیکٹائل (میزائل یا گولہ) نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

برطانوی ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح پیش آیا۔ حملہ آبنائے ہرمز میں عمان کے علاقے لیماہ کے قریب اس وقت ہوا جب ٹینکر آبنائے ہرمز سے نکل کر خلیجِ عمان کی جانب جنوب کی سمت سفر کر رہا تھا۔ پروجیکٹائل ٹینکر کے بائیں حصے سے ٹکرایا۔

ادارے کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے دعویٰ کیا کہ مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بردار ٹینکر کو ایرانی انتباہ نظرانداز کرنے کے بعد نشانہ بنایا گیا، تاہم تہران نے حملے کی براہِ راست ذمہ داری قبول نہیں کی۔

ادھر امریکی ویب سائٹ Axios سے گفتگو کرنے والے دو امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کم از کم دو میزائل داغے۔

امریکی حکام کے مطابق ایک دوسرا جہاز بھی حملے کی زد میں آیا اور دونوں جہازوں کو نمایاں نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تہران میں مقیم تجزیہ کار حسین رویوران نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے ٹینکر غلطی سے اس علاقے میں داخل ہو گیا ہو جہاں ایرانی ٹیمیں بارودی سرنگیں صاف کرنے کی کارروائی میں مصروف تھیں۔

ان کے مطابق عمان کے قریب سمندری علاقے میں بارودی سرنگوں کی موجودگی کا امکان ہے، اور ممکن ہے جہازوں کی نقل و حرکت نے وہاں کام کرنے والی ایرانی ٹیموں کے لیے خطرہ پیدا کیا ہو، جس کے باعث یہ کارروائی کی گئی۔