آبنائے ہرمز میں ایران کی اجازت کے بغیر کوئی کارروائی کامیاب نہیں ہوگی۔ رکن پارلیمنٹ

آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق قانون جلد منظور کیا جائے گا۔ علاء الدین بروجردی

July 7, 2026 · بام دنیا

ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن علاء الدین بروجردی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کے ساتھ ہم آہنگی کے بغیر کی جانے والی کوئی بھی کارروائی کامیاب نہیں ہو سکتی۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق علاء الدین بروجردی نے عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر حملے کی اطلاعات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول ہے، اور اس حوالے سے فیصلہ ریاست کی اعلیٰ ترین قیادت نے کیا ہے، جس پر حالیہ امریکا-اسرائیل جنگ کے اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام سے متعلق قانون بھی جلد از جلد پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے گا، جس کے بعد متعلقہ ادارے اس قانون پر مکمل عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

علاء الدین بروجردی کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز سے متعلق ہر اقدام اپنے قومی مفادات اور ملکی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے گا۔