غزہ میں ادویات کی شدید قلت۔ڈیڑھ ہزار سے زائد مریض جان کی بازی ہار گئے
طبی سامان کی کمی سے گردوں کے نصف سے زائد مریض بھی دم توڑ گئے،غزہ حکام
غزہ کی وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش نے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگ کے باعث صحت کا نظام انتہائی کٹھن حالات سے دوچار ہے، جبکہ طبی سہولیات اور ادویات کی شدید قلت کے سبب ڈیڑھ ہزار سے زائد ایسے مریض جاں بحق ہو چکے ہیں جنہیں علاج کے لیے بیرونِ ملک منتقل کیا جانا ضروری تھا۔
الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے منیر البرش نے کہا کہ غزہ میں ہر روز مریض جان کی بازی ہار رہے ہیں کیونکہ اسپتال بنیادی طبی سہولیات اور ضروری ادویات سے محروم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے طبی سامان کی غزہ میں ترسیل روکنے کے باعث گردوں کے مریض بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، اور ضروری ادویات و طبی آلات کی عدم دستیابی کے سبب گردوں کے 50 فیصد سے زائد مریض اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
منیر البرش نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری طور پر طبی امداد اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔