9 مئی کیس:میاں محمود الرشید نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ چیلنج کر دیا
مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے مقدمے میں انہیں حقائق اور شواہد کے برعکس سزا سنائی گئی۔
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے 9 مئی سے متعلق مقدمے میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی 10 سال قید کی سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
میاں محمود الرشید نے اپنے وکیل سکندر ذوالقرنین کے ذریعے اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے مقدمے میں انہیں حقائق اور شواہد کے برعکس سزا سنائی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا اور مقدمے کے ریکارڈ پر ایسا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں جو سزا کا جواز فراہم کرتا ہو۔ اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا ختم کی جائے۔
واضح رہے کہ 20 جون کو ٹرائل کورٹ نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیوں کو جلانے کے مقدمے میں میاں محمود الرشید کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے اب لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں دائر اپیل پر سماعت کے بعد عدالت آئندہ کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔