شہزادہ ہیری میڈیا ادارے کیخلاف پرائیویسی مقدمہ ہار گئے

اخباری گروپ کے خلاف پرنس ہیری و یگر شخصیات نے 1990 سے 2018 تک ذاتی معلومات غیرقانونی طریقے سے حاصل کرنے کا الزام لگایا تھا۔

July 7, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لندن:  شہزادہ ہیری اور دیگر 6 افراد ڈیلی میل اور میل آن سنڈے شائع کرنے والے ادارے ایسوی ایٹیڈ نیوز پیپرز لیمیٹڈ کے خلاف پرائیویسی کا مقدمہ لندن ہائی کورٹ میں ہار گئے۔

اخباری گروپ کے خلاف پرنس ہیری و یگر شخصیات نے 1990 سے 2018 تک ذاتی معلومات غیرقانونی طریقے سے حاصل کرنے کا الزام لگایا تھا۔

الزامات میں فون یا وائس میل تک غیر قانونی طریقے سے رسائی، خفیہ نگرانی، طبی اور مالی ریکارڈ حاصل کرنے کی کوششیں شامل تھیں۔

مقدمہ کرنے والی دیگر شخصیات میں سر ایلٹن جان، ڈیوڈ فرنش، سر سائمن ہیوز، لز ہرلی، سیڈی فراسٹ اور بیرونس ڈورین لارنس شامل تھے۔

اخباری گروپ نے معلومات کے حصول کیلئے غیرقانونی طریقے اپنانے کی سختی سے تردید کی تھی۔

اس سے قبل شہزادہ ہیری نے مرر گروپ کے خلاف غیرقانونی طریقے سے معلومات جمع کرکے مضمون شائع کرنے پر 15 دعوے جیتے تھے۔

سن اخبار کے پبلشر نے بھی گزشتہ برس شہزادہ ہیری سے معافی مانگتے ہوئے معقول معاوضہ ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔

شہزادہ ہیری کہہ چکے ہیں کہ ٹیبلائیڈ میڈیا کی ان کی زندگی میں مداخلت نے نجی، خاندان زندگی کے ساتھ دماغی صحت پر اثرات مرتب کیے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ مقدمہ میڈیا کی آزادی اور افراد کے حق رازداری کے درمیان توازن کے حوالے سے انتہائی اہم تصور کیا جارہا تھا۔