لاہور سمیت پنجاب میں مون سون سسٹم برقرار، آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کی پیش گوئی
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون کا سلسلہ برقرار ہے، جس کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہنے اور کئی مقامات پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر بادل چھائے رہنے کی توقع ہے، جبکہ دوپہر اور شام کے اوقات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات سے ہی شہر میں گرمی اور حبس کی کیفیت محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور موسم سے متعلق تازہ ترین ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔