ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات جاری ہیں۔ امریکی حکام کا دعویٰ

مسائل کے حل کے لیے رابطے برقرار، حالیہ فوجی کشیدگی کے باوجود بات چیت جاری

July 10, 2026 · بام دنیا

امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ اختلافات کے حل کے لیے تکنیکی سطح پر مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن سفارتی ذرائع سے معاملات سلجھانے کے لیے پُرعزم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ دو روز کے دوران امریکی فوج نے ایران پر حملے کیے، جس کے جواب میں ایران نے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

اس سے قبل ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو کے سربراہ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ کسی نئے معاہدے کے خواہاں نہیں اور ان کے بقول ایران کے ساتھ جنگ بندی بھی ختم ہو چکی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انہیں استعمال کرتا، اسی لیے وہ ایران کے ساتھ مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم تازہ امریکی دعوے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر مذاکرات اب بھی جاری ہیں۔