روس کا امریکہ۔ ایران سے کشیدگی کا منصفانہ حل نکالنے پر زور
کشیدگی سے عالمی معیشت اور متعدد ممالک متاثر ہو رہے ہیں، روسی وزیرخارجہ۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے منصفانہ اور متوازن حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں صرف امریکہ اور ایران ہی نہیں بلکہ خطے کے پڑوسی ممالک اور دیگر متعلقہ فریقوں کے مفادات کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں سرگئی لاوروف نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کے اثرات صرف دو ممالک تک محدود نہیں بلکہ اس سے متعدد ممالک اور عالمی معیشت بھی متاثر ہو رہی ہے، اس لیے مسئلے کا ایسا حل تلاش کیا جانا چاہیے جو تمام متعلقہ فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز اور خلیجِ فارس کی صورتحال کے حوالے سے روس اور ایران کا مؤقف یکساں ہے، اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔