ٹرمپ، نیتن یاہو کا ٹیلیفونک رابطہ۔ خلیجی صورتحال۔سکیورٹی امور پر گفتگو
ترکیہ کے بیانات پر اسرائیلی تشویش، سرحدی سکیورٹی زون برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور
اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں خلیجی خطے کی تازہ صورتحال، دوطرفہ تعاون اور علاقائی سکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں اسرائیل اور امریکہ کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو خلیجی خطے سے متعلق امریکہ کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں اور دیگر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
گفتگو کے دوران نیتن یاہو نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ان کے رفقا کی جانب سے اسرائیل کے وجود سے متعلق دیے گئے بیانات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہیں خطے کے لیے باعثِ تشویش قرار دیا۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نے اس موقع پر اسرائیل کی سرحدوں کے ساتھ سکیورٹی زون برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اسے ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔