امریکہ۔ ایران کشیدگی۔ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت بند
بڑے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت میں نمایاں کمی، سپلائی میں رکاوٹ کےخدشات بڑھ گئے
امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت تقریباً رک گئی ہے، جس سے عالمی توانائی منڈیوں پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے، جو پہلے ہی تاریخ کی سب سے بڑی سپلائی رکاوٹ کے اثرات سے دوچار ہیں۔
بحری تجزیاتی ادارے لائیڈز لسٹ انٹیلی جنس کے مطابق منگل سے اب تک امریکی نگرانی میں استعمال ہونے والے بحری راستے سے کوئی بڑا تجارتی جہاز اپنی شناختی معلومات (AIS) نشر کرتے ہوئے آبنائے ہرمز سے نہیں گزرا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ عمان کے ساحل کے قریب متبادل بحری گزرگاہ سے بھی قابلِ شناخت بڑے جہازوں کی آمدورفت “عملاً معطل” ہو چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 7 جولائی کے بعد سے 10 ہزار ڈیڈ ویٹ ٹن سے زائد وزن رکھنے والا کوئی جہاز جنوبی بحری راستے سے فعال شناختی نظام کے ساتھ نہیں گزرا، تاہم اطلاعات ہیں کہ کم از کم دو جہاز اپنی شناختی معلومات بند رکھ کر اس راستے سے گزرے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیوں میں یہ غیر معمولی کمی عالمی تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے نئے خطرات پیدا کر سکتی ہے، جس کے باعث توانائی کی عالمی منڈیوں میں بے یقینی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔