مصر اور قطر کا فریقین سے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ

مصری وزیر خارجہ کی اپنے کویتی، بحرینی اور اردنی ہم منصبوں کے ساتھ بھی گفتگو

July 11, 2026 · بام دنیا

مصر اور قطر کے وزرائے خارجہ نے امریکہ اور ایران سے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مصری وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی اور قطری وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ’تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ سفارت کاری اور بات چیت کو ترجیح دیں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔‘

مصری وزیر خارجہ نے اپنے کویتی، بحرینی اور اردنی ہم منصبوں کے ساتھ بھی خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

قطری وزارتِ خارجہ نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ شیخ محمد نے ’تمام فریقوں کے لیے بات چیت اور سفارت کاری پر کاربند رہنے کی ضرورت‘ پر زور دیا اور امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی طے شدہ شقوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا، جن میں ’آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا‘ بھی شامل ہے تاکہ خطے میں ’سلامتی اور استحکام برقرار رکھا جا سکے۔‘

اس سے قبل خبر رساں اداروں نے بتایا تھا کہ قطری مذاکرات کاروں کا ایک وفد تناؤ میں کمی کے لیے ایران پہنچ چکا ہے۔