امریکہ، ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے متوقع
قطر، پاکستان، مصر اور سعودی عرب کشیدگی کم کرانے کے لیے متحرک
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے سوئٹزرلینڈ کو ممکنہ مقام قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کے بعد سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اور مختلف ممالک تنازع کم کرانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ قطر، پاکستان، مصر اور سعودی عرب کے حکام نے بدھ کے روز امریکی اور ایرانی عہدیداروں سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں کمی لانا تھا۔
ثالثی کے عمل سے وابستہ ذرائع کے مطابق سفارتی کوششیں جاری ہیں تاکہ تکنیکی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے کی تاریخ طے کی جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز سے حملوں میں وقفے کے بعد مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششیں مزید تیز ہو گئی ہیں۔