ایران نے مذاکرات کی درخواست سے متعلق ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کردیا

وعدہ خلافی پر متناسب جواب دیا جائے گا، ایرانی وزارتِ خارجہ کی تنبیہ

July 11, 2026 · بام دنیا

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران نے امریکہ سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران نے امریکہ سے مذاکرات کی کوئی درخواست نہیں کی، البتہ قطر کی ثالثی کی کوششوں کے تحت قطری حکام کے دورۂ ایران کا خیرمقدم کیا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ مفاہمتی یادداشت کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایران بھی اسی نوعیت کا متناسب جواب دے گا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی وعدہ خلافی یا معاہدے کی خلاف ورزی کا جواب باہمی اور متناسب کارروائی کی صورت میں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی ہے، جس پر امریکا نے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا نے واضح کر دیا ہے کہ جنگ بندی کا مرحلہ ختم ہو چکا ہے۔