امریکہ ایران سے جوہری معاہدے کے امکانات سے مایوس

افزودہ یورینیم پر کنٹرول نہ ملا تو جوہری معاہدہ ممکن نہیں، واشنگٹن

July 11, 2026 · بام دنیا

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے امکانات کے حوالے سے بڑھتی ہوئی مایوسی کا شکار ہے اور اسے خدشہ ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے لیے پُرامن سفارتی حل شاید ممکن نہ رہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے عبوری بحری معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کے باعث کسی جامع معاہدے کی امیدیں بھی کمزور پڑ گئی ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ “مجھے نہیں معلوم کہ ہم کسی معاہدے تک پہنچ پائیں گے یا نہیں۔”

امریکی حکام نے مزید کہا کہ اگر ایران اپنے زیرِ زمین ذخیرہ کیے گئے افزودہ یورینیم کا کنٹرول امریکا کے حوالے نہیں کرتا تو جوہری معاہدہ ممکن نہیں ہوگا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن کے پاس ایسے کم لاگت فوجی متبادل موجود ہیں جن کے ذریعے افزودہ یورینیم تک رسائی کو مستقل طور پر روکا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔