مذاکرات جاری: امریکہ کا ایران کے خلاف فوجی آپشنز برقرار رکھنےکا اعلان

آبنائے ہرمز پر الٹی میٹم،جہازوں پر حملے نہ روکنے پر ایران کو سخت نتائج کی وارننگ

July 11, 2026 · بام دنیا

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم کسی بھی ممکنہ جوہری معاہدے کے لیے تہران کو امریکہ کی مقرر کردہ بنیادی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام پر سخت پابندیاں قبول کرنا ہوں گی اور متعلقہ جوہری مواد حوالے کرنے سمیت دیگر شرائط پر عمل کرنا ہوگا تاکہ معاہدہ ممکن ہو سکے۔

امریکی حکام نے یہ بھی کہا کہ اگر سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو ایران کی جوہری تنصیبات تک رسائی روکنے کے لیے فوجی آپشنز بدستور موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس ہفتے آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر فائرنگ کے واقعات کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ امریکا کا الزام ہے کہ ان حملوں میں ایران ملوث تھا، جبکہ ایرانی حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ واقعہ ان کے نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔

امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن نے ایران کو الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی سطح پر اعلان کرے کہ آئندہ تجارتی جہازوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا اور آبنائے ہرمز سمیت تمام بحری راستے محفوظ اور کھلے رہیں گے۔

امریکی حکام نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے ان مطالبات پر عمل نہ کیا تو اس کے نتائج تہران کے لیے سازگار نہیں ہوں گے۔