ایران نے امریکی پابندیوں کو عبوری معاہدے کی خلاف ورزی قرار دےدیا
امریکا کی خلاف ورزیوں پر ایران کا سخت ردعمل، باہمی پابندیوں پر زور
فائل فوٹو
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نئی امریکی پابندیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے عبوری مفاہمتی معاہدے کی پاسداری نہیں کی اور اس کے اقدامات طے شدہ وعدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے اب تک اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں، جبکہ امریکی وزیر خزانہ مفاہمتی یادداشت (MoU) کی شق 9 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ خلاف ورزی امریکہ کی جانب سے ہونے والی دیگر غلطیوں اور وعدہ شکنیوں کا تسلسل ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کو متاثر کر رہی ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے بیان کے اختتام پر واشنگٹن کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں پیش رفت صرف اسی صورت ممکن ہے جب دونوں فریق یکساں طور پر اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں پر عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ “صرف باہمی عمل درآمد ہی قابل قبول ہوگا۔