پاکستان کا ایران معاملے پر کشیدگی کم کرنے۔ مذاکرات پر زور
ایران سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس، پاکستان نے مذاکرات کی حمایت کردی
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایران کی صورتحال پر منعقدہ اجلاس میں پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں، اس لیے عالمی برادری کو فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے ذریعے پیش رفت کے لیے ایک مؤثر روڈ میپ فراہم کرتی ہے، جس پر عمل درآمد سے کشیدگی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔