ایران کا اقوام متحدہ سے امریکہ کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ
امریکہ غیر قانونی اقدامات کا ذمہ دار ہے، ایران کا سلامتی کونسل میں مؤقف
ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ کو اس کے مبینہ غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا جائے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر احتساب کے عمل سے گزارا جائے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا کہ امریکا کے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور ذمہ داریوں کے منافی ہیں، اس لیے واشنگٹن ان کے تمام قانونی اور سیاسی نتائج کا ذمہ دار ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ امریکا کی مبینہ جارحیت روکنے کے لیے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرے اور یہ یقینی بنائے کہ وہ اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کی مکمل پاسداری کرے۔
ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے کہ بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنایا جائے اور ایسے اقدامات کی روک تھام کی جائے جو عالمی امن و استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں۔